میڈیکل کالجز میںخالی نشستیں پُر کرنے کے لیے میرٹ میں نرمی

کم از کم میرٹ 55 فیصد سے کم کر کے 52 فیصد جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 50 فیصد سے کم کر کے 47 فیصد کر دیا گیا ہے

               
April 16, 2026 · قومی

پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں فیسوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے باعث ملک بھر میں متعدد اداروں میں سیٹیں خالی رہنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کی شرح میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے خالی نشستیں پُر کرنے کے لیے میرٹ میں عارضی نرمی کی اجازت دے دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایم بی بی ایس کے لیے کم از کم میرٹ 55 فیصد سے کم کر کے 52 فیصد جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 50 فیصد سے کم کر کے 47 فیصد کر دیا گیا ہے۔ یہ نرمی صرف خالی نشستوں تک محدود ہوگی اور اسے مستقل پالیسی کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔

تعلیمی ماہرین کے مطابق کئی نجی کالجز خاص طور پر بڑے شہروں میں بھاری فیسوں کے باعث طلبہ کو داخلہ دینے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جس سے طبی تعلیم عام طلبہ کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صرف وقتی صورتحال کے حل کے لیے کیا گیا ہے اور تمام داخلے میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق ہی ہوں گے۔ پی ایم ڈی سی نے نجی کالجز کو فیس ڈھانچے پر نظرثانی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ تعلیم کو مزید قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔