علی بابا گروپ پاکستان میں قسطوں پر اشیا بیچے گا

اس نظام کے تحت صارفین آن لائن خریداری کریں گے اور رقم فوری ادا کرنے کے بجائے اقساط میں ادا کر سکیں گے

               
April 16, 2026 · قومی

چین کی بڑی آن لائن فروخت اور ای کامرس کمپنی علی بابا نے پاکستان کی مالیاتی اور ڈیجیٹل مارکیٹ میں باقاعدہ طور پر قدم رکھ دیا ہے، جہاں وہ نئی فنانشل سروسز کے ذریعے صارفین کو سہولت فراہم کرے گی۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق علی بابا سے منسلک کمپنی کوکو ٹیک پاکستان کو نان بینکنگ مالیاتی ادارے کا لائسنس جاری کیا گیا ہے، جو “ابھی خریدیں، بعد میں ادائیگی کریں” کی سہولت فراہم کرے گی۔

اس نظام کے تحت صارفین آن لائن خریداری کریں گے اور رقم فوری ادا کرنے کے بجائے اقساط میں ادا کر سکیں گے۔ اس سے ای کامرس مارکیٹ میں خریداری آسان ہوگی اور صارفین کی مالی رسائی میں اضافہ متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ ماڈل خاص طور پر نوجوان صارفین، فری لانسرز اور چھوٹے کاروباروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ پاکستان میں رسمی کریڈٹ تک رسائی محدود ہے۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے مطابق اس اقدام سے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا اور آن لائن خرید و فروخت کے نظام میں مقابلہ اور جدت بڑھے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس سروس کے ذریعے پاکستان میں ای کامرس کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور صارفین کو جدید مالی سہولتیں میسر آئیں گی۔