پنجاب میں ٹریفک پولیس کے بھاری چالان کم کرنے کا فیصلہ

بڑی اور لگژری گاڑیوں کے لیے جرمانہ 20 ہزار روپے سے کم کر کے 10 ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے

               
April 16, 2026 · قومی

پنجاب حکومت نے شہریوں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے ٹریفک جرمانوں میں نمایاں کمی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب ٹریفک پولیس کی جانب سے تیار کردہ سمری کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منظور کر لیا ہے، جسے آئندہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ حتمی منظوری کے بعد نیا جرمانہ ڈھانچہ نافذ العمل ہوگا۔

مجوزہ منصوبے کے تحت موٹرسائیکل کے جرمانے 2000 روپے سے کم کر کے 1000 روپے، رکشہ کے جرمانے 3000 روپے سے کم کر کے 1000 روپے اور کار و جیپ کے جرمانے 5000 روپے سے کم کر کے 3000 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم سنگین خلاف ورزیوں پر جرمانے اپنی موجودہ سطح پر برقرار رہیں گے۔

بڑی اور لگژری گاڑیوں کے لیے جرمانہ 20 ہزار روپے سے کم کر کے 10 ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے، جبکہ لائٹ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے جرمانے 20 ہزار روپے سے کم کر کے 7 ہزار روپے تک لانے کی سفارش کی گئی ہے۔

اسی طرح بھاری ٹرانسپورٹ گاڑیوں جیسے ٹرک اور بسوں کے جرمانے بھی 20 ہزار روپے سے کم کر کے 10 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد موجودہ معاشی حالات کے مطابق جرمانوں کو متوازن بنانا ہے جبکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنانا ہے۔ فیصلہ پنجاب اسمبلی کی منظوری کے بعد نافذ ہوگا۔