وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے امیر سے ملاقات ، علاقائی صورتحال اور تناؤ میں کمی پر زور

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن کی بحالی کے لیے سفارتی کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

               
April 16, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

دوحہ: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی ہے، جس میں خلیجی خطے کی تازہ ترین صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی، امیری دیوان کے سربراہ شیخ عبداللہ بن محمد الخلیفی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ملاقات کے بعد جاری ہونے والے بیان میں وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے قطری قیادت کے ساتھ علاقائی امن و امان پر بات چیت کی ہے۔ وزیراعظم نے خاص طور پر خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے مذاکرات اور امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے عالمی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن کی بحالی کے لیے سفارتی کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے قطر پر ہونے والے حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے قطری عوام اور قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دفاع، توانائی اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم کے طیارے کو قطری فضائی حدود میں داخل ہونے پر قطری لڑاکا طیاروں نے اسکارٹ کیا، جس پر وزیراعظم نے امیرِ قطر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے گہرے دوستانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔