ایبٹ آباد: جائیداد کے تنازع پر چچازاد نے دو کم عمر بھائیوں کے گلے کاٹ دیے
ڈاکٹروں کے مطابق دونوں بھائیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ،مقدمہ درج ، ملزم کی تلاش میں چھاپے
فائل فوٹو
ایبٹ آباد: تھانہ نواں شہر کے علاقے اکھڑیلہ میں سنگدل چچازاد نے جائیداد کے دیرینہ تنازع پر اپنے ہی دو معصوم بھائیوں کو تیز دھار آلے سے ذبح کرنے کی کوشش کی۔ حملے کے نتیجے میں دونوں بچے شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اکھڑیلہ میں جائیداد کے تنازع نے اس وقت ہولناک رخ اختیار کر لیا جب ملزم نے مبینہ طور پر اشتعال میں آ کر اپنے چچا کے دو کم عمر بیٹوں، 9 سالہ عبدالسلام اور 4 سالہ ابوہریرہ پر تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا۔ ملزم نے بے رحمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں بچوں کے گلوں پر وار کیے جس سے وہ خون میں لت پت ہو گئے۔
زخمی بچوں کو فوری طور پر ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق دونوں بھائیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے متاثرہ خاندان کی مدعیت میں ملزم کے خلاف زیر دفعہ 324 پی پی سی (اقدامِ قتل) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق جائیداد کا تنازع اس لرزہ خیز واقعے کی اصل وجہ معلوم ہوتی ہے۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا ہے، تاہم پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں اور اسے جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔