ہری پور: حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس پائپ لائن دھماکہ ، 8 افراد جاں بحق

دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

               
دھماکے کے بعدہولناک آگ نے قریبی آبادی کو لپیٹ میں لے لیا، فوٹو امت

دھماکے کے بعدہولناک آگ نے قریبی آبادی کو لپیٹ میں لے لیا، فوٹو امت

ہری پور : حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس پائپ لائن زوردار دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔دھماکے کے بعد لگنے والی ہولناک آگ نے قریبی آبادی کو لپیٹ میں لے لیا، جس سے بھاری جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہری پور کے صنعتی علاقے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں اچانک گیس کی مرکزی پائپ لائن میں ہولناک دھماکہ ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے اور آگ کی زد میں آکر اب تک 8 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ متعدد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کے فوراً بعد پائپ لائن سے نکلنے والی گیس نے آگ پکڑ لی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی گھروں اور تنصیبات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم گیس کا پریشر زیادہ ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ ابتدائی طور پر اسے فنی خرابی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم تخریب کاری سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔