وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات۔خطے کی صورتحال پر گفتگو

سکندر مومنی نے جنگ بندی کے قیام،مصالحتی کردار ادا کرنے پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا

               
April 17, 2026 · قومی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ملاقات کی، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے جنگ بندی کے قیام اور مصالحتی کردار ادا کرنے پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ برادر ملک پاکستان کی ثالثی میں جنگ بندی ممکن ہوئی، جسے ایران قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے دیرپا حل کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ مذاکرات اور مکالمہ ہی تنازعات کے حل کا واحد مؤثر ذریعہ ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی امن و سلامتی اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔