راولپنڈی: نیو ٹاؤن کے علاقے میں کاروباری سرگرمیاں غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کا حکم
یہ اقدام امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں سخت پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام ریسٹورنٹس، پارکس، بیوٹی پارلرز، کوئٹہ ہوٹلز، مارکیٹس، سنوکر کلبز، جمز، پان شاپس، کھوکھے، باربر شاپس، بینکس اور بیکریز کو آج رات 12 بجے سے تا حکمِ ثانی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری باضابطہ نوٹس میں کہا گیا ہے:
“تمام ریسٹورینٹس، پارکس، بیوٹی پارلرز، کوئٹہ ہوٹلز، تمام مارکیٹس، سنوکرز، جمز، تمام پان شاپس، کھوکھے، باربرز شاپس، بینک ہائے و بیکریز کے مالکان کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ بسلسلہ اسپیشل لاء اینڈ آرڈر آج مورخہ 18 اپریل 2026 بوقت 12 بجے رات سے لے کر تا حکم ثانی بند رکھیں گے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
— ایس ایچ او، تھانہ نیو ٹاؤن”
پولیس حکام کے مطابق یہ اقدام امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
شہریوں اور کاروباری حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر مکمل عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔