اسلام آباد:ذیقعد کا چاند نظر آ گیا، یکم 19 اپریل کو ہوگی

کہیں مطلع صاف جبکہ بعض مقامات پر ابر آلود رہا، تاہم رویت کی تصدیق کے لیے کافی شواہد موجود تھے۔

               
April 18, 2026 · قومی

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ذیقعد 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے باضابطہ طور پر اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یکم ذیقعد اتوار 19 اپریل 2026 کو ہوگی۔

ان کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی متعدد شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کہیں مطلع صاف جبکہ بعض مقامات پر ابر آلود رہا، تاہم رویت کی تصدیق کے لیے کافی شواہد موجود تھے۔

ادھر سپارکو کے مطابق نیا چاند 17 اپریل کو شام 4 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوا تھا جبکہ 18 اپریل کی شام کو چاند نظر آنے کے امکانات روشن تھے۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی قیادت نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کیا ہے۔