راولپنڈی میں پرائیویٹ،پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ تا حکمِ ثانی معطل

موجودہ صورتحال کے باعث یہ اقدامات حفاظتی تدابیر کے طور پر کیے گئے ہیں، جبکہ مزید اپڈیٹس سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

               
April 19, 2026 · قومی

راولپنڈی میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اہم فیصلے کرتے ہوئے ہر قسم کی پرائیویٹ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو تا حکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے سوشل میڈیا پیغام میں شہریوں کو آگاہ کیا کہ موجودہ صورتحال کے باعث یہ اقدامات حفاظتی تدابیر کے طور پر کیے گئے ہیں، جبکہ مزید اپڈیٹس سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے باعث جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جس کے اثرات ٹریفک اور ٹرانسپورٹ سروسز پر بھی پڑ رہے ہیں۔

دوسری جانب میٹرو بس سروس کو بھی جزوی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ میٹرو حکام کے مطابق پمز اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک سروس مکمل طور پر بند ہے، جبکہ صدر اسٹیشن سے کچہری تک محدود پیمانے پر بس سروس جاری رکھی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صورتحال معمول پر آنے تک سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔