جہلم میں انجنئیر محمد علی مرزا کی اکیڈمی پر فائرنگ،حملہ آور ہلاک

اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ملزم نے پولیس پر بھی فائرنگ شروع کر دی۔

               
April 19, 2026 · قومی

پنجاب کے شہر جہلم میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں ایک نجی اکیڈمی کے باہر مسلح شخص نے حملہ کر دیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود میں جی ٹی ایس چوک کے قریب واقع قرآن ریسرچ اکیڈمی جہلم کے باہر فائرنگ کی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ملزم نے پولیس پر بھی فائرنگ شروع کر دی۔

جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید معلومات سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔