چکوال: زائرین کی بس حادثے کا شکار، 30 افراد زخمی، 2 کی حالت تشویشناک
حادثہ کلر کہار کے قریب آہو باہو والے موڑ پر پیش آیا، جہاں بس بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ بس پیر کھارا دربار سے سیالکوٹ جا رہی تھی
پنجاب کے شہر چکوال میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں زائرین سے بھری بس الٹ گئی، جس کے باعث 30 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ کلر کہار کے قریب آہو باہو والے موڑ پر پیش آیا، جہاں بس بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ بس پیر کھارا دربار سے سیالکوٹ جا رہی تھی۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 11 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سنٹر کلر کہار منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق دو افراد کی حالت تشویشناک ہے جن کے سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔
اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر کلر کہار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق زخمی افراد کا تعلق سمڑیال، ضلع سیالکوٹ سے بتایا جا رہا ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا، جبکہ واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔