حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں، سعد رفیق
پارٹی کے اندر نام ضرور مختلف ہیں مگر تمام رہنما ایک ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ وقت میں حکومت اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں اور دونوں قیادتیں مل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر نام ضرور مختلف ہیں مگر تمام رہنما ایک ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کارکردگی کے معترف ہیں۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حکومت بننے کے وقت انہیں کچھ تحفظات تھے، جس کے باعث وہ کابینہ کا حصہ نہیں بنے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی محنت قابل تعریف ہے، جنہوں نے مشکل حالات میں دن رات کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اگرچہ بعد ازاں آئی ایم ایف پروگرام، مہنگائی اور سیلاب جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر حملہ کیا گیا، تاہم پاکستانی افواج نے بھرپور جواب دے کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر ابھر رہا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کی قیادت عالمی تنازعات میں مؤثر کردار ادا کرے۔ اس موقع پر انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ہونے والے مظالم نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جبکہ ایران کی مزاحمت کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بڑی طاقتیں جیسے چین اور روس بھی بدلتی صورتحال کا حصہ ہیں اور امید ہے کہ خطے میں امن قائم ہوگا۔