امریکہ ,ایران مذاکرات، وفاقی آئینی عدالت میں کل کام معطل رہے گا
کل کے لیے مقررہ تمام مقدمات کی فہرست (کاز لسٹ) منسوخ کر دی گئی،۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کی بندش اور سیکیورٹی کی غیر معمولی صورتحال کے باعث وفاقی آئینی عدالت نے کل، پیر 20 اپریل 2026 کو عدالتی کام معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈپٹی رجسٹرار (ایڈمن) ارشاد حسین کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس فیڈرل کانسٹیٹیوشنل کورٹ نے حکم دیا ہے کہ اسلام آباد کی پرنسپل سیٹ پر 20 اپریل کو کوئی جوڈیشل کام نہیں ہوگا۔کل کے لیے مقررہ تمام مقدمات کی فہرست (کاز لسٹ) منسوخ کر دی گئی ہے۔
تمام افسران اور عملہ گھر سے کام کریں گے اور انہیں اسٹیشن (شہر) چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔عدالت کی چاروں برانچ رجسٹریاں جوڈیشل اور انتظامی کاموں کے لیے کھلی رہیں گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ریڈ زون کی بندش کے باعث وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کو عدالت پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، جس کے پیشِ نظر سپریم کورٹ رولز 2025 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں بین الاقوامی وفود کی آمد اور اہم سفارتی سرگرمیوں کے باعث ریڈ زون اور ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی انتہائی سخت ہے اور کئی راستے عام ٹریفک کے لیے بند ہیں۔