بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن۔فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد ہلاک

حید اللہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں،معصوم شہریوں پر حملوں سمیت دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث اور مطلوب تھا۔

               
April 20, 2026 · قومی

بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں خارجی رنگ کا لیڈر وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہے، جن سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والا خارجی رنگ لیڈر حید اللہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں پر حملوں سمیت متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث اور مطلوب تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حید اللہ 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا بھی مرکزی سہولت کار تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کامیاب کارروائی سے نہ صرف بڑے دہشتگرد نیٹ ورک کو نقصان پہنچا بلکہ بروقت ایک بڑی تباہی بھی ٹال دی گئی، سیکورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے خاتمے پر بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔