کراچی میں ٹریفک سگنلز کو بین الاقوامی معیار پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

شہر کی اہم شاہراہوں پر جدید سمارٹ ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے۔

               
April 20, 2026 · قومی

کراچی— شہر قائد میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے سگنلز کو بین الاقوامی طرز پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

میئر کراچی  مرتضی وہاب کے مطابق شہر کی اہم شاہراہوں پر جدید سمارٹ ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ میونسپل کمشنر کو سمارٹ سگنلز کی خریداری کا مرحلہ جلد شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں ریڈ زون اور آئی آئی چندریگر روڈ کو ماڈل ایریا کے طور پر منتخب کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایم اے جناح روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر بھی یہ نظام نافذ کیا جائے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں بنیادی انفراسٹرکچر کے ساتھ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد بھی ضروری ہے، کیونکہ بہتر ٹریفک مینجمنٹ سے شہریوں کے روزمرہ مسائل میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کے بعد کراچی میں ٹریفک کے نظام میں نمایاں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔