خاتون پولیس کانسٹیبل ملک ناز شہید، بہادری کی نئی مثال قائم
شہید کے شوہر لیویز اہلکار عبدالغنی بھی سال 2011 میں دہشت گرد حملے میں شہید ہو چکے ہیں۔
کوئٹہ — دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے دوران خاتون پولیس کانسٹیبل ملک ناز شہید ہو گئیں، جنہیں بہادری اور فرض شناسی کی نئی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید کانسٹیبل ملک ناز نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔
انہوں نے بتایا کہ شہید کے شوہر لیویز اہلکار عبدالغنی بھی سال 2011 میں دہشت گرد حملے میں شہید ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہید کانسٹیبل ملک ناز اپریل 2013 میں شہداء کوٹہ کے تحت فورس میں تعینات ہوئیں اور اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیتی رہیں۔
شہید کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مکمل کفالت کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان میں وطن کے لیے قربانی دینے والے ہر فرد پر قوم کو فخر ہے۔