اسلام آباد: ریڈ زون میں کل داخلہ بند، دفاتر اور تعلیمی اداروں کو ‘ورک فروم ہوم’ کی ہدایت

21 اپریل کو ریڈ زون کے تمام داخلی راستے بند رہیں گے اور عام داخلہ معطل رہے گا ، نوٹیفکیشن جاری

               
April 20, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے سیکیورٹی اور دیگر وجوہات کی بنا پر کل بروز منگل، 21 اپریل 2026 کو ریڈ زون میں داخلہ معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد، عرفان نواز میمن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق21 اپریل کو ریڈ زون کے تمام داخلی راستے بند رہیں گے اور عام داخلہ معطل رہے گا۔

ریڈ زون میں واقع تمام سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی اداروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی زحمت سے بچنے کے لیے کل ‘ورک فروم ہوم’ (گھر سے کام) کی پالیسی اپنائیں۔یہ حکم نامہ 19 اپریل کو جاری کردہ گذشتہ نوٹیفکیشن کے تسلسل میں جاری کیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے نوٹیفکیشن کی نقول وزارت داخلہ، آئی جی اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے اور تمام متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی ہیں تاکہ بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں اور ریڈ زون کی طرف سفر سے گریز کریں۔