اسلام آباد: صدیق بنوں پلاؤ پر ایف بی آر کا چھاپہ، مشتعل تاجروں کا احتجاج ، ٹیم کا گھیراؤ

ایف بی آر ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے، تاجروں کا مطالبہ

               
فوٹو امت

فوٹو امت

اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت کے تجارتی مرکز جی نائن (G-9) میں ایف بی آر کی کارروائی کے خلاف تاجر برادری سڑکوں پر نکل آئی۔ ‘صدیق بنوں پلاؤ’ پر چھاپے کے دوران صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب تاجروں نے ایف بی آر کی ٹیم کو یرغمال بنا کر شدید احتجاج شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی ایک ٹیم ٹیکس معاملات کی جانچ پڑتال کے لیے جی نائن مرکز میں واقع مشہور فوڈ پوائنٹ ‘صدیق بنوں پلاؤ’ پہنچی۔ چھاپے کی اطلاع جنگل کی آگ کی طرح مارکیٹ میں پھیل گئی، جس کے فوراً بعد مقامی تاجروں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی۔

مشتعل تاجروں نے ایف بی آر کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا اور ٹیم کو وہاں سے جانے سے روک دیا۔ مظاہرین کی جانب سے ایف بی آر کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، جس کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ تاجروں کے سخت ردعمل کے باعث ایف بی آر کی ٹیم کافی دیر تک وہیں پھنسی رہی۔

احتجاج میں شریک تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آئے روز کی چھاپہ مار کارروائیوں اور بلاجواز ہراساں کیے جانے کی وجہ سے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر چھاپوں اور کاروبار کی بندش نے ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دیے ہیں۔ موجودہ معاشی حالات میں کاروبار چلانا پہلے ہی مشکل ہے، اوپر سے حکومتی اداروں کا یہ رویہ تاجر کش ہے

تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف بی آر ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی نہیں کرائی جاتی، وہ احتجاج ختم نہیں کریں گے۔