مسجدِ اقصیٰ کی بے حرمتی پر پاکستان کا سخت ردعمل
اشتعال انگیز اقدامات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔دفتر خارجہ
پاکستان نے مسجدِ اقصیٰ میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ان اقدامات کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مقدس مقام کی بے حرمتی نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی تقدس کو بھی مجروح کرتی ہے۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقدس مقامات کے احترام اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ غیر قانونی آبادکاروں کو حاصل استثنا ختم کیا جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ عبادت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔