اسلام آباد میں دکانوں کی رات 10بجے بندش سے متعلق نوٹیفکیشن ‘جعلی’ قرار
فی الحال اوقاتِ کار میں کسی قسم کی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ،ضلعی انتظامیہ
فائل فوٹو
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر دکانوں اور کاروباری مراکز کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کے حوالے سے گردش کرنے والے ایک نوٹیفکیشن کو مکمل طور پر جعلی اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق آج (22 اپریل 2026) کو دکانوں یا مارکیٹوں کی بندش کے حوالے سے کوئی نیا حکم نامہ یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا مراسلہ، جس میں دکانیں رات 10 بجے اور اسپورٹس سہولیات رات 8 بجے بند کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، من گھڑت ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ فی الحال اوقاتِ کار میں کسی قسم کی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ مواد شیئر کرنے سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر یقین کریں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس طرح کی جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں میں بے چینی پیدا کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔