چاغی میں مائننگ کمپنی کی سائیٹ پر حملہ ، 10 افراد جاں بحق…اپ ڈیٹ

سیکورٹی گارڈ نشانہ بنے۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک ترک شہری بھی شامل

               
April 23, 2026 · اہم خبریں, قومی

بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایک مائننگ کمپنی کی سائٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔۔

سرکاری حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 10 سیکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔

واقعہ بدھ کی شام ضلع چاغی کے علاقے داری گوان میں پیش آیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ دالبندین سے شمال مغرب کی جانب پاک افغان سرحد کے قریب پیش آیا، جہاں این آر ایل کمپنی تانبہ اور سونے کی تلاش کے منصوبے پر کام کر رہی تھی۔

مسلح افراد نے شام تقریباً 6 بجے اچانک حملہ کیا، جس کے دوران فائرنگ کے ساتھ ساتھ تیل کے ذخیرے کو بھی آگ لگا دی گئی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق دالبندین کے پرنس فہد اسپتال میں اب تک 10 لاشیں منتقل کی جا چکی ہیں جبکہ 5 زخمی افراد زیرِ علاج ہیں۔

جاں بحق افراد میں ایک غیر ملکی، جس کا تعلق ترکی سے بتایا جا رہا ہے، بھی شامل ہے، جبکہ دو مقامی حفاظتی اہلکاروں کا تعلق دالبندین سے ہے۔

دیگر افراد کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے، ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے باعث 6 افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے، جبکہ 4 افراد فائرنگ کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سرکاری حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی آپریشن مکمل ہونے تک مزید تفصیلات جاری نہیں کی جائیں گی، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔