لاہور کے علاقے اچھرہ میں 3 بچوں کے قتل کا معمہ حل، سگی ماں قاتل نکلی
ملزمہ نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم اور گھریلو ناچاکی کا اعتراف کر لیا ۔
فائل فوٹو
لاہور : اچھرہ میں 3 بچوں کے لرزہ خیز قتل کی گتھی سلجھ گئی ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا کے مطابق، بچوں کو بے دردی سے قتل کرنے والی کوئی اور نہیں بلکہ ان کی اپنی حقیقی ماں نکلی، جسے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب عبد الکریم نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے خود جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تحقیقات کی نگرانی کی۔پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ نے گھریلو ناچاکی اور جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ ملزمہ نے تیز دھار آلے کی مدد سے اپنے تینوں بچوں کو قتل کیا، جن میں5 سالہ مومنہ بتول،4 سالہ مومن رضا،ڈیڑھ سالہ امہ حبیبہ شامل ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگ کی ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی کم وقت میں ملزمہ کو گرفتار کیا۔ فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ بچوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دی گئی ہیں۔
ملزمہ نے ابتدائی تفتیش میں اپنے جرم اور گھریلو ناچاکی کا اعتراف کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی لاہور کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ معصوم بچوں کے قتل میں ملوث سفاک قاتلہ کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔