پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو مزید ایک ارب ڈالر واپس کردیئے

اسی ہفتے کے دوران 2.45 ارب ڈالر کی ادائیگی پہلے ہی کر دی گئی تھی

               
April 24, 2026 · قومی

پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو مجموعی طور پر 3ارب 45 کروڑ ڈالر کی ڈپازٹس کی واپسی مکمل کر لی ہے۔

یہ اقدام ملک کی بیرونی مالی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز 1 ارب ڈالر ابو ظہبی فنڈ فار ڈیولپمنٹ کو واپس کیے گئے، جس کے ساتھ مکمل ادائیگی کا عمل مکمل ہوگیا۔

اس سے قبل اسی ہفتے کے دوران 2.45 ارب ڈالر کی ادائیگی پہلے ہی کر دی گئی تھی۔

یہ رقوم متحدہ عرب امارات کی جانب سے مختلف ادوار میں دی گئی مالی معاونت کا حصہ تھیں، جن میں 2018 میں 2 ارب ڈالر اور 2023 میں مزید 1 ارب ڈالر شامل تھے۔

مرکزی بینک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ ان ادائیگیوں کے بعد پاکستان کی یو اے ای کے ساتھ تمام بقایا ڈپازٹ ذمہ داریاں ختم ہو گئی ہیں، جو بیرونی مالی وعدوں کی تکمیل کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ ادائیگیاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب پاکستان بیرونی مالی دباؤ، قرضوں کی ادائیگی اور زرمبادلہ کے ذخائر کی بحالی کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔