اسلام آباد ترنول پھاٹک کو آبنائے ہرمز قرار دینے پر سوشل میڈیا صارف گرفتار
موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مجاز اتھارٹی کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہے
April 24, 2026 · قومی
اسلام آباد میں تھانہ ترنول پولیس نے سوشل میڈیا پر ترنول پھاٹک بند کرنے کے لیے اکسانے کے الزام میں شہری خرم نذیر کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں شہری نے لکھا تھا کہ “ترنول پھاٹک بھی آبنائے ہرمز سے کم نہیں، اسے بند کیا جائے تو ہمارے مسائل حل ہو سکتے ہیں”، جس کے بعد شہری موقع پر پہنچا اور لوگوں سے اس بات کی تصدیق بھی کی۔
ایف آئی آر کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مجاز اتھارٹی کی جانب سے دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے باوجود ملزم نے عوام کو پھاٹک بند کرنے پر اکسانے کی کوشش کی۔
پولیس نے اے ایس آئی شاہد اصغر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔