اسحاق ڈار کا روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف کو فون، ایران-امریکہ مذاکرات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد نے سفارتی رابطوں کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے ،روسی وزیرِ خارجہ
فائل فوٹو
اسلام آباد : پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے جمعرات کو روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، عالمی سطح پر تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے امور زیرِ بحث آئے۔
پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی فورمز پر بین الاقوامی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے تعاون پر بات چیت کی۔
روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے ایران اور امریکہ کے درمیان مکالمے میں پاکستان کے تعمیری اور سہولت کار کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے سفارتی رابطوں کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئندہ بھی گفتگو اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیرپا امن کے لیے بات چیت اور سفارتی روابط ناگزیر ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مجوزہ دورہٴ روس کو باہمی طور پر موزوں تاریخ پر دوبارہ طے کرنے پر بھی گفتگو کی۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر روسی وزیرِ خارجہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ فریقین نے ایک دوسرے سے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ہے۔