گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے 10فیصد کرائے بڑھا دیئے
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مہنگائی اور پالیسیوں کو وجہ قرار دے دیا
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے باعث مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث نہ صرف کاروباری لاگت بڑھ رہی ہے بلکہ لاکھوں افراد بے روزگاری کا شکار بھی ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ فیصلے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 26 روپے 77 پیسے اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بھی قیمتوں کے دباؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔