ایران-امریکہ مذاکرات سے جنگ بندی مضبوط ہوگی۔مصر اور پاکستان پرامید
سفارتی رابطے تیز، کشیدگی میں کمی اور خطے میں استحکام پر زور دیا گیا
مصر اور پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات خطے میں جنگ بندی کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
مصری وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
مصری وزارت خارجہ کے سرکاری فیس بک پیج پر جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی ہے کہ مذاکرات کا دوسرا دور ایسے سمجھوتوں تک پہنچنے میں مدد دے گا جو پائیدار جنگ بندی، کشیدگی میں کمی اور جاری تنازع کے خاتمے کے لیے حالات سازگار بنائے گا۔
بدر عبدالعاطی نے اس موقع پر بین الاقوامی بحری راستوں کی آزادی برقرار رکھنے اور خطے کے ممالک خصوصاً خلیجی ریاستوں کے سکیورٹی خدشات کو حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔