پاکستان کا تیارکردہ تیسرا الیکٹروآپٹیکل سیٹلائٹ خلا میں روانہ

سماجی و معاشی ترقی کے مختلف شعبوں میں استعمال ہوگا۔لانچنگ کی وڈیوجاری

               
April 25, 2026 · اہم خبریں, قومی

 

پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اور تاریخی کامیابی کے طورپر مقامی ساختہ ای او تھری سیٹلائٹ خلا میں روانہ کردیا گیا ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سپارکو کے انجینیئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔سپارکو کے مطابق، ای او-3 سیٹلائٹ کا کامیاب اجرا پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ سیریز کے اگلے سیٹلائٹس کی بنیاد بھی بنے گا۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق لیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ کو چین کے تائی یوآن سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا گیا، یہ سیٹلائٹ زمین کے مشاہدے کے ایک مربوط نظام کی بنیاد بنے گا، جس کا ڈیٹا قومی ترجیحات کو سہارا دینے اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

 

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ای او تھری سیٹلائٹ کا کامیاب مشن پاکستان کے لیے ایک نئی صبح کا آغاز ہے، جو ملک میں شہری منصوبہ بندی، آفات سے نمٹنے کے انتظام(ڈیزاسٹر مینجمنٹ)، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں انقلاب برپا کر دے گا اور خلائی پروگرام میں خود انحصاری اور تکنیکی مہارت کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

 

پاک فوج نے سیٹلائٹ لانچنگ کی وڈیوبھی جاری کی ہے۔

 

وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ پاکستان کا تیسراملکی طور پر تیار کردہ زمینی مشاہداتی سیٹلائٹ ہے جو جو ای او-1 (2025)اور ای او-2 (فروری 2026)کے بعد لانچ کیا گیا ہے۔

 

سیٹلائیٹ کی اہم خصوصیات میں جدید ملٹی جیومیٹری امیجنگ ماڈیول ،بہتر انرجی سٹوریج سسٹم ،آن بورڈ اے آئی پاورڈ ڈیٹا پروسیسنگ جو حقیقی وقت میں تجزیہ کر سکتا ہے ،بہتر ریموٹ سینسنگ اور اعلی معیار کی امیجنگ کی صلاحیت شامل ہے۔

 

یہ سیٹلائٹ سماجی و معاشی ترقی کے مختلف شعبوں میں استعمال ہوگا، جن میں زراعت، قدرتی وسائل کا انتظام، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، شہری منصوبہ بندی، انفراسٹرکچر کی نگرانی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی نگرانی شامل ہیں۔ اس سے پاکستان کی ریموٹ سینسنگ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہے اور پاکستان کے خلائی پروگرام کو مزید مضبوط بنائے گا۔