باجوڑ، عنایت کلی بازار میں فائرنگ سے قبائلی سردار جاں بحق

زخمی سردار کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

               
April 27, 2026 · اہم خبریں, قومی
باجوڑ میں فائرنگ سے جان بحق ہونے والے قبائلی سردار ملک فضل واحد کی فائل فوٹو

باجوڑ میں فائرنگ سے جان بحق ہونے والے قبائلی سردار ملک فضل واحد کی فائل فوٹو

باجوڑ کے علاقے ڈمہ ڈولہ سلطان بیک سے تعلق رکھنے والے ممتاز قبائلی سردارملک فضل واحد نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے۔ اس المناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور فضا سوگوار ہے۔

تفصیلات کے مطابق قبائلی سردارملک فضل واحد اپنے آبائی گاؤں سے قریبی تجارتی مرکز عنایت کلی بازار میں سودا سلف خریدنے کے لیے موجود تھے کہ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق زخمی سردار کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے ڈمہ ڈولہ سلطان بیگ میں ادا کی گئی، جس میں سیاسی و قبائلی رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس واقعے کو علاقے کے امن کے لیے ایک بڑا دھچکا اور انتہائی المناک قرار دیا۔

واقعے کے بعد مقامی افراد اور قبائلی عمائدین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔