یونیورسٹی روڈ منصوبے میں تاخیرپر وزیراعلیٰ کی شہریوں سے معذرت
مکسڈ ٹریفک لین کو 3 ماہ کے اندر بحال کردیا جائے گا۔ مراد علی شاہ
فائل فوٹو
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یونیورسٹی روڈ کے تعمیری کام میں تاخیر کی وجہ سے شہریوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ مکسڈ ٹریفک لین کو 3 ماہ کے اندر بحال کردیا جائے گا۔
بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی تکالیف کا ازالہ ضرور کریں گے اور کوشش کریں گے کام کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بی آرٹی ریڈ لائن لاٹ ٹو کے مین کوریڈور کا ٹینڈر دوبارہ جاری کیا جائے گا۔ڈی جی ایف ڈبلیو او سے بات ہو چکی ہے اور انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دو سے تین دن کے اندر یہاں کام کی سرگرمیاں بحال ہوجائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مکسڈ ٹریفک تقریباً 12 کلومیٹر پر محیط ہے امید ہے کہ تین ماہ کے دوران مکسڈ ٹریفک لین کا کام مکمل کرلیں گے ۔ عوام کی امیدیں سندھ حکومت سے وابستہ ہیں ۔ 4 سال قبل لاٹ ٹو کا ٹھیکہ دیا گیا تھا مگر کام کا معیار بہتر نہیں تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کام کے مکمل ہونے کی گارنٹی لیتے ہوئے کہا کہ کام کو تیزی سے تکمیل تک پہنچانے کے لیے عید کی چھٹیوں کے دوران بھی کام جاری رہے گا۔