ملک کے جنوبی حصوں میں 29 اپریل سے 3 مئی تک ہیٹ ویو کا الرٹ جاری
اگر ہیٹ ویو کی شدت میں اضافہ ہوا تو بروقت آگاہی جاری کی جائے گی ، محکمہ موسمیات
فائل فوٹو
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے جنوبی حصوں میں 29 اپریل سے 3 مئی تک ہلکی شدت کی ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 27 اپریل کی رات سے 29 اپریل تک جبکہ 3 سے 5 مئی کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ اثرانداز ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔
حکمہ موسمیات کے مطابق مئی اور جون سال کے گرم ترین مہینے شمار کیے جاتے ہیں، جبکہ جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور جنوبی و مشرقی بلوچستان ملک کے ہیٹ ویو سے متاثرہ علاقے ہیں جہاں درجہ حرارت بعض اوقات 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔
ان علاقوں میں مئی اور جون کے دوران درجہ حرارت عموماً 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں یہ معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر ہیٹ ویو کی شدت میں اضافہ ہوا تو بروقت آگاہی جاری کی جائے گی۔