جسٹس بابر ستار کا پشاور ہائیکورٹ تبادلہ کردیا گیا
جسٹس محسن اختر کیانی کے لاہور ہائیکورٹ ،جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے سندھ ہائیکورٹ تبادلے کی بھی منظوری
فائل فوٹو
اسلا آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا ہے، جس میں اہم فیصلے کرلیے گئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ میں ججز کے تبادلوں سے متعلق امور پر غور کیا گیا، جس کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کےجسٹس محسن اختر کیانی کے لاہور ہائیکورٹ تبادلے کی منظوری دے دی گئی۔یہ فیصلہ اکثریتی رائے سے کیا گیا، اور 9 ارکان نے ان کے تبادلے کے حق میں ووٹ دیا۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے سندھ ہائیکورٹ تبادلے کی بھی منظوری دے دی، جس کا فیصلہ بھی اکثریتی رائے سے کیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن کےاجلاس میں جسٹس بابر ستار کا پشاور ہائیکورٹ تبادلہ کردیا گیا۔جسٹس بابر ستار کے تبادلہ کے خلاف 3 ووٹ سامنے آئے
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر نے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم سومرو کے تبادلے کی سفارش واپس لے لی۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل اسلام آبا ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو ایک خط تحریر کیا تھا۔جسٹس بابر ستار نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیاکہ آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت کسی بھی جج کے تبادلے سے قبل انہیں ذاتی طور پر سنا جائے۔انہوں نے کمیشن سے استدعا کی کہ ٹرانسفر کے معاملے پر فیصلہ کرنے سے پہلے انہیں مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔