12سالہ بچے کے اغوابرائے تاوان اور زیادتی کے ملزمان2اشتہاری پولیس مقابلے میں ہلاک
اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا ماراگیاتھا۔ ملزمان نے فائرنگ شروع کردی
ٹیکسلا میں 2 اشتہاری ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے۔ اشتہاریوں نے چند دن قبل ڈھوک حسو سے بارہ سال کا طالب علم اغوا کیا۔زیادتی کے بعد اس کے والدین سے تاوان بھی وصول کیا۔
ذرائع کے مطابق ، ٹیکسلا پولیس اور سی سی ڈی نے مشترکہ آپریشن کیا ۔ ملزمان اور سی سی ڈی کے درمیان خوفناک مقابلہ ہوا، جس میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مقابلہ اس وقت ہواجب ٹیم نے اشتہاری ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا۔ ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران دونوں ملزمان مارے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ مقابلے کے دوران ایک گولی کانسٹیبل کو بھی لگی تاہم وہ بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔
سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان جڑواں شہروں میں گاڑی چوری، راہزنی سمیت بچوں کے ساتھ زیادتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے۔
ملزمان نے چند روز قبل ریلوے گراؤنڈ ڈھوک حسو سے 12 سالہ اسکول طالبعلم کو اغوا کیا تھا، جسے بعد ازاں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور رہائی کے لیے 4 لاکھ روپے تاوان بھی وصول کیا گیا۔متاثرہ طالبعلم نے ہلاک ملزمان کی شناخت بھی کرلی ہے ۔ دونوں ملزمان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیاگیا۔