سی سی ڈی کے ایک روز میں 3 مبینہ پولیس مقابلے، 6 ملزم ہلاک

چوہنگ اور اقبال ٹاؤن کے بعد سی سی ڈی ڈیفنس کے ساتھ بھی مبینہ مقابلے میں 2ملزمان مارے گئے۔

               
April 28, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: سی سی ڈی نے ایک روز میں 3 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 6 ملزموں کو ہلاک کر دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق چوہنگ اور اقبال ٹاؤن کے بعد سی سی ڈی ڈیفنس کا مبینہ مقابلہ، ناکہ بندی کے دوران 3 موٹر سائیکل سواروں کو روکا، ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی، کراس فائرنگ میں 2 ملزمان مارے گئے، ہلاک ملزمان کی شناخت بشیر اوڈھ اور عبد الغفور کے نام سے ہوئی۔ تعلق بوریوالہ سے ہے۔

اس سے قبل چوہنگ کے علاقے میں سی سی ڈی اور مبینہ ڈکیت گینگ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ سندر کے علاقے میں فیکٹریوں اور گھروں میں وارداتیں کرنے والا گینگ سی سی ڈی ٹیم سے ٹکرا گیا۔ فائرنگ کے دوران 2 ملزمان شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گئے۔

ہلاک ملزمان کی شناخت عالم شیر اور ہاشم کے نام سے ہوئی ہے جو کہ وہاڑی کے رہائشی تھے۔مقابلے کے دوران کانسٹیبل تصور میو اور احمد نامدار بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

سی سی ڈی اقبال ٹاؤن ڈویژن کےساتھ مقابلے میں بھی 2خطرناک ڈاکومارے گئے۔ سابقہ ریکارڈ یافتہ ڈاکو بلال عرف موٹا اور دانش کو ریکوری کی نشاندہی کے لیے لےجایا جا رہا تھا کہ راستے میں دونوں ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔

فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان  اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے اور ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ اور مختلف علاقوں میں شہریوں سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کرتے تھے۔