رات کے اوقات میں بجلی شارٹ فال ختم کرنے کا دعویٰ

ملک میں زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ منیجمنٹ پالیسی کے تحت کی جارہی ہے۔

               
April 29, 2026 · قومی

پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ کل رات بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے رات کے پیک اوقات میں 25منٹ سے ایک گھنٹہ تک لوڈ منیجمنٹ کی، ملک میں زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ منیجمنٹ پالیسی کے تحت کی جارہی ہے۔

ایل این جی کی دستیابی اور پانی کے اخراج میں اضافے سے رات کے اوقات کا شارٹ فال ختم ہوجائے گا۔ ترجمان پاور ڈویژن نے 28اپریل رات پیک اوقات میں بجلی کی صورتحال کے حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ کل رات پیک ٹائم میں کل پن بجلی کی پیداوار 6000میگاواٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ ملک کی کل پن بجلی کی استعداد 11500میگاواٹ ہے۔کچھ پاور پلانٹس کو مقامی گیس کی فراہمی سے بجلی پیداوار میں مزید بہتری آئی ہے، پن بجلی اور اضافی لوکل گیس کی دستیابی سے بجلی کی پیداوار میں اضافے سے ملک کے جنوب سے نیشنل گرڈ میں استحکام کی بدولت مزید 100میگاواٹ سنٹر لانے میں آسانی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے جنوب سے کل500میگاواٹ کی ترسیل ممکن ہوئی، رات کے آٹھ بجے کے بعد موسمی حالات کی بنا پر ڈیمانڈ میں کمی سے کوئی لوڈمنیجمنٹ نہیں ہوئی۔ ترجمان نے کہا کہ اکنامک لوڈمنیجمنٹ کا پیک اورز میں لوڈ منیجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں، ایل این جی کی عالمی حالات کے بنا پر عدم دستیابی سے 5000میگاواٹ کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی۔