طالبعلم پر تشدد ویڈیو وائرل۔ عمران چشتی کے خلاف تحقیقات کا حکم

کمیٹی اس بات کا تعین کرے کہ طلبہ اور گارڈز کے درمیان جھڑپ کیوں ہوئی ؟

               
April 29, 2026 · قومی

انٹربورڈ کے معطل افسر عمران چشتی کے نجی کارڈ اور پولیس محفافظوں کی طالبعلم پر مبینہ تشدد کے بعد صوبائی وزیر بورڈ و جامعات نے انکوائری کا حکم دے دیا

انٹر بورڈ کراچی کے معطل افسر عمران چشتی کے نجی گارڈز اور پولیس محافظوں نے طالبعلم کو مبینہ طور پر اش وقت تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ امتحانی فارم جمع کرانے بورڈ آیا تھا۔

تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیرِ جامعات و تعلیمی بورڈز اسماعیل راہو نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے معطل شدہ سابق ملازم عمران چشتی کیخلاف انکوائری تین دن میں مکمب کرنے کا حکم دیا ۔

صوبائی وزیر کے حکم پر بننے والی انکوائری کمیٹی میں اسپیشل سیکریٹری، جامعات و تعلیمی بورڈز ‛ چیئرمین ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ شامل ہیں، جو واقعے کی جامع تحقیقات کریں گے۔

کمیٹی کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اس بات کا تعین کریں کا طلبہ اور گارڈز کے درمیان جھڑپ کیسے اور کیوں ہوئی ؟

کمیٹی اس بات کو بھی جانچے گی کہ بورڈ میں امتحانی فارم تاحال کن حالات میں کیوں وصول کیے جا رہے ہیں ؟

بورڈ کے سیکورٹی اسٹاف کی موجودگی میں افسر کے نجی گارڈز اور پولیس محافظوں کی موجودگی اور ان کے کردار کی چھان بین بھی کرے گی ۔

کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ وہ چشتی سے ملکر یہ بھی معلوم کرے کہ معطل شدہ ملازم کس بنیاد پر دفتری احاطے کا استعمال کر رہے تھے ؟

واقعے میں ملوث تمام افراد کی نشاندہی کر کے ذمہ داری کا تعین کیا جائے اور اپنی رپورٹ تین دن کے اندر پیش کی جائے ۔

اس حوالے سے معلوم رہے کہ مبینہ تشدد کا شکار طالبعلم کے والدین اور عمران چشتی کے نجی سیکورٹی گارڈز اور پولیس محافظوں کے مابین رات گئے صلح ہونے کی اطلاعات بھی ہیں ۔