وڈیو وائرل ہونے کے بعدخیرپورکے نوجوان سے عطا اللہ تارڑ کی ملاقات۔نوکری کا وعدہ

دفتر میں مدعو کرکے حوصلہ افزائی کی۔2003 میں کراچی سے ایم بی اے کیا تھا

               
April 29, 2026 · اہم خبریں, قومی

تصویر: سوشل میڈیا

 

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خیرپور سندھ سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ نوجوان اظہر میمن سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایک بہت ہی جذباتی لمحہ ثابت ہوئی۔

اظہر میمن 2003 میں کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) سے ایم بی اے کرنے والے ایک قابل نوجوان ہیں، جن کی جدوجہد اور مشکلات کی ویڈیو گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو میں انہوں نے اپنے ماضی سے لے کر موجودہ مشکل حالات تک کی کہانی بیان کی تھی۔

عطا اللہ تارڑ نے اظہر میمن کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی۔

تارڑنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھاکہ خیرپور سندھ سے تعلق رکھنے والے انتہائی قابل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اظہر میمن سے ملاقات ایک بے حد جذباتی لمحہ تھا۔ میں نے ان کو ملاقات کے لیے اسلام آباد مدعو کیا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور ملازمت کا بندوبست کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں اظہر میمن کے پرانے فوٹو کا بھی انسرٹ دکھایا گیا۔

یہ اقدام سوشل میڈیا پر بہت سراہا جا رہا ہے۔ لوگ اسے ایک مثبت اور انسانی رویے کی مثال قرار دے رہے ہیں، جو تعلیم یافتہ نوجوانوں کی مشکلات کو تسلیم کرنے اور انہیں سہارا دینے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔