افغانستان سے جنوبی وزیرستان میں پھر حملہ، خاتون اور 4 بچے زخمی، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی
پاک فوج کی بھرپور اور مؤثرجوابی کاروائی سے افغان طالبان اہلکار پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔
اسلام آباد: افغان طالبان رجیم نے ایک بار پھر جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سول آبادی پر حملہ کیا ، بلااشتعال گولہ باری سے 4 بچے اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی، پاک فوج نے بلااشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے سرحد پر افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم نے انگوراڈہ سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں پاکستان کی شہری آبادی پرگولہ باری کی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ انگوراڈہ کے مقامی شہریوں کریم خان اور رحمت اللہ کے گھر پر آکر لگا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی شہری آبادی پر بلااشتعال گولہ باری سے 4 بچے اور ایک خاتون شدید زخمی ہیں۔ افغان طالبان کے حملے میں زخمی تمام بچوں اور خاتون کو ڈی ایچ کیواسپتال وانا منتقل کردیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق چند روز قبل بھی اسی علاقے میں افغانستان سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں3افراد زخمی ہوئے تھے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بلااشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے سرحد پر افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج کی بھرپور اور مؤثرجوابی کاروائی سے افغان طالبان اہلکار پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان رجیم کی جانب سے مسلسل پاکستان میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے، پاک فوج افغان طالبان کی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیتے ہوئے صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنارہی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق تمام مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔