احتساب عدالت کا بڑا فیصلہ: ملک ریاض سمیت 10 ملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری

مسلسل عدم تعمیل پر عدالت نے ان کے تاحیات وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

               
April 30, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی کی احتساب عدالت نے زمینوں کی الاٹمنٹ اور مبینہ کرپشن سے متعلق ریفرنس میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض حسین اور ان کے صاحبزادوں سمیت 10 ملزمان کے دائمی و تاحیات ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

معزز احتساب عدالت نمبر III سندھ نے ریفرنس نمبر 01/2025 (ریاست بمقابلہ ملک ریاض و دیگر) کی سماعت کے دوران یہ احکامات جاری کیے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ تمام ملزمان کو تلاشی کے باوجود حاضر نہ ہونے پر 23 اپریل 2026 کو پہلے ہی باقاعدہ طور پر ‘اشتہاری مجرم’ قرار دیا جا چکا ہے۔ مسلسل عدم تعمیل پر اب عدالت نے ان کے تاحیات وارنٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

احتساب عدالت نے دیگر ملزمان  کے دائمی و تاحیات ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں جن میں محمد اویس ولد عبدالرحیم،زین ملک ولد ارشد ملک،شاہد محمود قریشی ولد محمد سرور،وسیم رفعت ولد ملک رفعت،احمد بخش ناریجو ولد محمد ابراہیم،احمد علی ریاض ولد ملک ریاض،فیصل سرور قریشی ولد محمد سرور، ثاقب احمد سومرو ولد اختر محمد سومرو اور وقاص رفعت ولد ملک رفعت شامل ہیں۔