وزیرِ اعظم شہباز شریف کا موٹر سائیکل سواروں اور ٹرانسپورٹرز کیلیے سبسڈی میں توسیع کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہ ہونے دیا جائے، شہباز شریف

               
April 30, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی جاری رکھنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے گزشتہ ماہ دی جانے والی سبسڈی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

وزیرِ اعظم نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہ ہونے دیا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوامی ریلیف کے ان اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ سبسڈی کے ثمرات براہِ راست مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔

وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے مشکل معاشی حالات کے باوجود عام آدمی کے لیے اربوں روپے کا قومی ریلیف پیکیج فراہم کیا ہے۔ حکومت ان حالات میں جس قدر ممکن ہو سکا عوام کو ریلیف فراہم کرتی رہے گی، کیونکہ عام آدمی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

انھوں نے کہاکہ کسی بھی کٹھن صورتحال میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ریلیف کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔