آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی خبروں کومسترد کر دیا

پیٹرول پمپس کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ، ملک بھر میں تمام پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے ، نعمان علی بٹ

               
April 30, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: اسلام آباد: آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی خبروں کی افواہ قرار دیتے ہوئے تردید کردی۔

وائس چئیرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نعمان علی بٹ نے یکم مئی سے 5 مئی تک ہڑتال کی افواہ بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ پیٹرول پمپس کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ملک بھر میں تمام پیٹرول پمپ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور عوام کو بلا تعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہے گی۔

ہڑتال سے متعلق خبروں کا ایسوسی ایشن سے کوئی تعلق نہیں ہے اور پیٹرول پمپ مالکان ہڑتال کی حمایت نہیں کرتے۔عوام افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ پٹرول پمپس کھلے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت کے پیٹرول پمپس پر شہریوں کے رش کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے شہریوں کے لیے اہم پیغام جاری کر دیا۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ شہر کے تمام پیٹرول پمپس پر پیٹرول کا سٹاک وافر مقدار میں موجود ہے، کل سے پیٹرول کی عدم فراہمی کے حوالے سے زیر گردش خبریں محض افواہیں ہیں، کوئی فیول پمپ آپ کی ضرورت سے کم پیٹرول دے تو فی الفور ہمارے 24/7 کنٹرول روم نمبر 051 9108084 پر آگاہ کریں، شہریوں سے التماس ہے کہ پیٹرول کی قلت کے حوالے سے زیر گردش افواہوں پر دھیان مت دیں۔