مزدور اور ہنرمند افراد قومی قابلیت اور مہارت کا آئینہ ہیں۔ وزیراعظم

آج اقوام عالم کے ساتھ یوم مزدور نہایت پر عزم انداز میں منا رہے ہیں

               
May 1, 2026 · قومی

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور اور ہنر مند افرادی قوت ہی اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں۔
یکم مئی کو منائے جانے والے مزدوروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر یوم مزدور نہایت پر عزم انداز میں منا رہا ہے، میں مزدوروں کے عالمی دن پر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان کے محنت کشں مزدوروں کو ان کی بے لوث خدمات پر خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مزدور، کسان، کاریگر، فیکٹریوں میں کام کرنے والے اور دیگر محنت کش طبقات کی قربانی اور خاموش استقامت ہی کھیتوں سے کارخانوں تک، تعمیراتی مقامات سے ورکشاپس تک، مقامی گلیوں سے لے کر عالمی سطح تک کارہائے زندگی کو رواں دواں رکھتی ہے، معاشرے کے یہی بے لوث جفا کش سب سے بڑے اعزاز کے مستحق ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم، پاکستانی مزدور کی عزم و ہمت ،مشکلات کو سہنے کے حوصلے اور زندگی کی سختیوں کا وقار کے ساتھ سامنا کرنے کے مثالی جذبہ کے شاہد ہیں، مزدور اور ہنر مند افرادی قوت ہی اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار ہمارے لاکھوں محنت کش قومی صلاحیت اور ملکی اساس کے سفیر ہیں، ان کی قابلیت اور محنت سے کمائی گئی ایک ایک پائی ہمارے لئے باعث فخر ہے۔