آئین پاکستان مزدوروں کے حقوق۔استحصال کے خاتمے کی ضمانت ہے۔صدر زرداری
پاکستان کے محنت کش ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک بھر کے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کی قربانیاں ہی منصفانہ اجرت، مناسب اوقات کار اور باوقار حالات کار جیسے تصورات کی بنیاد ہیں۔
شکاگو کے مزدوروں نے تاریخی جدوجہد (تقریباً 140 برس قبل )میں اپنے حقوق کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ’’آٹھ گھنٹے کام، آٹھ گھنٹے آرام اور آٹھ گھنٹے اپنی مرضی کے لیے‘‘ کا مطالبہ پیش کیا جو انسانی وقار کے اعتراف کی علامت تھا، پاکستان کا آئین استحصال کے خاتمے اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، آئین کے معمار سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو مزدوروں کے حقوق کی اہمیت سے بخوبی آگاہ تھے۔
یکم مئی کو منائے جانے والے عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے محنت کش ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جو شہر تعمیر کرتے، زمینیں کاشت کرتے اور صنعتوں کو اپنی محنت سے چلائے رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مزدور محض معیشت کا حصہ نہیں بلکہ اس کی بنیاد ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بین الاقوامی معیار کے مطابق مزدوروں کے حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے جن میں منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ، جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور امتیازی سلوک سے پاک ماحول شامل ہے۔