عالمی برادری اسرائیلی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ اسحاق ڈار کا مطالبہ

گلوبل صمود فلوٹیلا کو بین الاقوامی پانیوں میں روکنا غیر قانونی اقدام ہے

               
May 1, 2026 · قومی

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور غزہ کی ناکہ بندی فوری طور پر ختم کرائے۔

انہوں نے “گلوبل صمود فلوٹیلا” واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس فلوٹیلا کو بین الاقوامی پانیوں میں روکنا غیر قانونی اقدام ہے جبکہ اس پر موجود کارکنان کی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد میں رکاوٹ ناقابل قبول ہے، لہٰذا عالمی برادری فوری طور پر اس کا نوٹس لے اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کرائے، جبکہ تمام امدادی کارکنوں کی رہائی بھی یقینی بنائی جائے۔

دوسری جانب 11 ممالک کے وزرائے خارجہ—جن میں ترکیہ، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، اردن، لیبیا، ملائیشیا، مالدیپ، پاکستان، جنوبی افریقہ اور اسپین شامل ہیں—نے بھی مشترکہ بیان میں فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فلوٹیلا ایک پرامن اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام تھا جس کا مقصد غزہ میں انسانی بحران کی طرف عالمی توجہ مبذول کرانا تھا۔