سندھ حکومت لاہور کی واٹر مینجمنٹ کا ماڈل کراچی میں کیوں نافذ کرناچاہتی ہے؟
میئرمرتضیٰ وہاب کا دورہ۔ تیکھے سوالات اورسوشل میڈیاپربحث
تصویر : سوشل میڈیا
سندھ حکومت پنجاب کے صوبائی دارالحکومت کا واٹر مینجمنٹ ماڈل کراچی میں نافذ کرنے کی خواہش مندہے۔اس حوالے سے گذشتہ دنوں میئر کراچی نے لاہور کا دورہ کیا ۔ یہ دورہ سوشل اور مین سٹریم میڈیاپر نمایاں طورسے خبروں میں رہا۔
21 اپریل کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے لاہور واسا کو ایک خط لکھا گیاتھا۔ذرائع کے مطابق ،واٹراینڈسینی ٹیشن ایجنسی لاہور کے حکام کو خوش گوار حیرت ہوئی۔ خط میں کہا گیا تھا کہ میئر کراچی لاہور آکر پانی اور سیوریج کے معاملات کو دیکھنا چاہتے ہیں۔
واسا لاہورنے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے فوری طور پر جوابی خط لکھا او میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے دورے کا دن طے ہوا۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اعلیٰ سطح فد کی مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں واسا لاہور کے ہیڈ آفس آمدہوئی، جہاں دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور تجربات کے تبادلے پر زور دیا گیا۔وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر اسداللہ خان، چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز، چیف سٹریٹیجی آفیسر صادق یونس اور چیف فنانشل آفیسر عمار خان بھی شامل تھے۔
لاہور میں وفد کا استقبال صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، چیئرمین پنجاب واسا چوہدری شیر علی خان، وائس چیئرمین چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے کیا۔ وفد کو واسا لاہور کے فیلڈ آپریشنز، ڈرینج سسٹم، ڈسپوزل اسٹیشنز اور مون سون سیزن کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی،اور انہیں فیلڈ میں بھی لے جایا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہناتھاکہ واسا لاہور کے ساتھ معاہدہ کر رہےہیں، ان کی اسٹریٹجی اپنائیں گے،دنیا بھر میں شہر ایک دوسرے کے ساتھ اپنے انتظامی تجربات شیئرکرتے ہیں، ہم ایک دوسرے کے تجربات سے اپنے اپنے شہریوں کی خدمت کرسکتے ہیں۔ کارپوریشن اور واسا کے درمیان ایم او یو سائن کرنا چاہتے ہیں۔
میئرکراچی نے کہا کہ دونوں شہروں کے درمیان موازنہ کرنے سے صرف تنازعات جنم لیتے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ دونوں شہروں کی انتظامیہ مل کر کام کریں اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں ترقی ہوئی ہے۔ کراچی اور لاہور میونسپلٹی کی سطح پر سیوریج اور دیگر سروسز کے حوالے سے تبادلہ ہونا چاہیے۔ یہ لاہور میں میری پہلی پریس کانفرنس ہے۔ دنیا بھر میں ’سسٹر سٹی کانسپٹ‘ ہے۔۔ ہم نے لاہور کی ترقی سے سیکھا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ ہم واسا کے ساتھ ایم او یو بھی سائن کر لیں۔یہاں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سسٹم بہتر بنایاگیا ہے۔ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا گیاہے۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے لاہور کا دورہ کیا کوئی گڑھا نظر آیا؟۔اس پر مرتضیٰ وہاب نے جواب دیا کہ چھوڑو اس کو کیوں میری لڑائی کرا رہے ہو۔
دورے کے دوران مرتضیٰ وہاب نے’ واسا‘کا دورہ بھی کیا، جس کا مقصد اخراجات میں کمی اور انتظامی بہتری کے گر سیکھنا تھا۔بلال یاسین نے کہا کہ میئرکراچی کےساتھ اپنے تجربات شیئر کرنےکیلئے تیار ہیں، بارش ہویاکوئی اور مسئلہ، واسا کراچی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔