صدر مملکت آصف علی زرداری کا چین کا 5روزہ سرکاری دورہ مکمل، پاکستان روانہ
آصف علی زرداری کے دورۂ چین کے دوران ہونان اور ہائی نان میں صنعتی، زرعی اور بحری معیشت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال
صدرِ مملکت کو سانیا ایئرپورٹ پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ہائی نان کے سینئر رہنما وانگ چیانگ نے الوداع کیا
اسلام آباد:صدرِ مملکت آصف علی زرداری 5روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد چین کے شہر سانیا سے پاکستان روانہ ہو گئے۔
صدرِ مملکت کو سانیا ایئرپورٹ پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ہائی نان کے سینئر رہنما وانگ چیانگ نے الوداع کیا، اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور چینی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
آصف علی زرداری کے دورۂ چین کے دوران ہونان اور ہائی نان میں صنعتی، زرعی اور بحری معیشت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا، انہوں نے دورۂ چین کے دوران شاؤشان میں چیئرمین ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر کا دورہ کیا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سی پیک 2.0 کے تحت اندرونِ ملک صنعتی ترقی اور بلیو اکانومی پر پیشرفت، دورے کا اہم محور رہی، چانگشا میں دورے کے دوران پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے، زرعی ٹیکنالوجی اور چائے کے شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے3مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
سانیا میں صدرِ مملکت کی موجودگی میں مشینری، جانوروں کی ویکسینز اور طبی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی 2 یادداشتوں اور مشترکہ سرمایہ کاری کے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
صدرِ مملکت نے چانگشا اور سانیا میں صوبائی سطح پہ پارٹی قیادت کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کیں، صدر زرداری نے سانیا میں پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت بھی کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورے سے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے پس منظر میں مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔