آج سے ملک مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع

بیشتر علاقوں میں 5 مئی تک مغربی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

               
  May 2, 2026 · قومی

محکمہ موسمیات نے ملک میں آج سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 4 مئی تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں 5 مئی تک مغربی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد میں وقفے وقفے سے آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح پی ڈی ایم کے نے بھی خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں 2 سے 4 مئی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت کئی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی تیز بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں بھی آج اور کل بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔