بھارت ابھی تک اپنے زخم سہلا رہا ہے، خواجہ آصف

افغانستان بھارت کی پراکسی بنا ہوا ہے، طالبان چاہے وہ پاکستانی ہیں یا افغانی انکو بھارت کی سرپرستی حاصل ہے، گفتگو

               
  May 3, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سال قبل جس طرح بھارت کو شکست ہوئی اُس کا تکبر پاک افواج نے مٹی میں ملا دیا، ایک بڑی طاقت اور پانچ گنا بڑی افواج کو غرور ملیا میٹ ہوگیا۔

اُنہوں نے کہا کہ ابھی تک بھارت اپنے زخم سہلا رہا ہے، میرا نہیں خیال کہ بھارت موجودہ حالات میں دوبارہ پاکستان پر حملہ کرنے کی جرأت کرے، ہم ایک اچھے ہمسائے کی طرح خطے میں امن چاہتے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ابھی بھی بھارت افغانستان کے ذریعے پراکسی وار کررہا ہے، افغانستان بھارت کی پراکسی بنا ہوا ہے، طالبان چاہے وہ پاکستانی ہیں یا افغانی انکو بھارت کی سرپرستی حاصل ہے، طالبان نے پاکستانی افواج کو انگیج کیا ہوا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اور یہ ہماری بھارت کیساتھ لا متناہی انگیجمنٹ ہے ڈائریکٹ اور انڈائریکٹ، لیکن اللہ کا بڑا کرم ہے میں اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کی وجہ سے پچیس کروڑ عوام چین کی نیند سوتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اور ہمارے جوان نا صرف جاگتے ہیں بلکہ اپنے خون سے اپنی زمین کو سیراب کرتے ہیں، ساری قوم اپنے جوانوں کی قربانیوں کو یاد رکھیں زندہ قومیں اپنے محسنوں کو بھولتی نہیں۔

وزیردفاع نے کہا کہ ایک سال گزرا ہے ہمیں تجدید عہد کرنا ہوگا، لیکن ہمارے اندر بھی جو خلفشار ہے اور جو چیزیں ہیں درستگی مانگتی ہیں ٹھیک کرنی پڑے گی، افواج نے قربانیوں کی مثال قائم کی ہے، یہ قربانیاں باقی قوم کو بھی دینا پڑیں گی۔