مکہ مکرمہ میں پیتل کی قدیم تختیوں پر لکھے قرآن پاک کی نمائش جاری
اٹھارویں صدی عیسوی میں مکمل ہونے والا یہ عمل انتہائی محنت سے تیار کیے گئے ہیں
مکہ مکرمہ میں اٹھارویں صدی عیسوی میں پیتل کی تختیوں پر لکھے گئے قرآن پاک کی نمائش کی جا رہی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ نمائش مکہ مکرمہ میں حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کے ’قرآن میوزیم‘ میں منعقد کی گئی۔ اس قرآ ن پاک میں آیات کو پیتل کی تختیوں پر کندہ کیا گیا ہے ۔
اٹھارویں صدی عیسوی میں مکمل ہونے والا یہ عمل انتہائی محنت سے تیار کیے گئے فن پاروں کے ذریعے یہ آگاہی بھی دیتا ہے کہ اُس زمانے میں اسلامی فن تحریر اپنے کمال پر تھا۔اِس کام کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ قرآن ِ پاک کی سطور کو ایک سے دوسری شکل میں ڈھالنے کو خصوصی اہمیت دی جاتی رہی ہے، جس کی وجہ سے علمی درستی اور فنی تشکیل کا حُسن، ایک بے مثال اِمتزاج کی صورت میں لوگوں کے سامنے آتا رہتا ہے۔
حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں جاری نمائش میں رکھا گیا یہ فن پارہ، اسلامی خطاطی اور فنی تزئین و آرائش کی تجسیم کی گہری روایت کا تسلسل ہے، جس میں قرآن پاک کو لکھنے کے لئے کھالوں سے بنائے گئے پارچے، کاغذ اور دھاتیں بھی زیرِ استعمال رہی ہیں۔
قرآن میوزیم میں زائرین کے لیے کتابُ اللہ کے نایاب نسخے بھی رکھے گئے ہیں اور ایسے نودارات بھی ہیں جن میں مختلف ادوار میں قرآنِ کریم کے تراجم کے سفر کا دستاویزی اندارج موجود ہے۔